راولپنڈی میں گرجا روڈ قبرستان میں سات سال کی بچی کی قبر سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کے بعد عدالتی حکم پر قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔
پولیس کےمطابق قبرکشائی سخت سیکیورٹی میں ہوئی،ڈاکٹرز نےمجسٹریٹ اوردیگر متعلقہ افسران کی موجودگی میں علینہ نامی بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا،پوسٹمارٹم کے بعد دوبارہ تدفین کر دی گئی۔ ڈاکٹرز نےنمونے حاصل کر کے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں،جن کی رپورٹ پولیس کو فراہم کی جائے گی۔
پولیس کےمطابق سات سالہ علینہ کی 26 اگست کو تدفین کی گئی تھی،گزشتہ روز والد فاتحہ کے لیے قبرستان آیا تو اسےبچی کی قبر سےمبینہ چھیڑچھاڑ کےشواہد ملے،جبکہ کفن قریب واقع حویلی سے برآمد ہوا۔اطلاع ملنے پرپولیس نے موقع پر پہنچ کرشواہد اکٹھے کیے اور عدالت سے قبر کشائی کی اجازت حاصل کی۔ ابتدائی رپورٹ تھانہ دھمیال میں درج کر لی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔