یورپی ممالک نے ایران کو 3 شرائط پوری کرنے پر پابندیوں میں تاخیرکی پیشکش کردی۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندوں نے سلامتی کونسل اجلاس سے قبل مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ ایران اگر 3 شرائط پوری کر لے تو ایران پر اسنیپ بیک پابندیوں میں تاخیر کی جاسکتی ہے۔ای 3 ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ اگر ایران عالمی جوہری ایجنسی کے معائنہ کاروں کو اپنے جوہری پروگرام تک رسائی بحال کرے، یورینیم افزودگی سے متعلق خدشات دور کردے اور دوبارہ امریکا سے جوہری مذاکرات میں شامل ہوجائے تو اس پر اسنیپ بیک پابندیوں کے تحت پابندی عائد کرنے میں 6 ماہ کی تاخیر کی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل ان تینوں یورپی ممالک نے جمعرات کو ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنےکے لیے اسنیپ بیک کا 30 روزہ میکنزم شروع کیا تھا۔اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید ایرانی نے ای 3 ممالک کی پیشکش کو غیر حقیقی پیشگی شرائط سے بھری قرار دے دیا۔انہوں نےکہاکہ ایسی شرائط کا مطالبہ کر رہے ہیں جو مذاکرات کا نتیجہ ہونا چاہیے، نقطہ آغاز نہیں اور وہ جانتے ہیں کہ یہ مطالبات پورے نہیں کیے جا سکتے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نےکہا تھا کہ اگر مغربی ممالک سنجیدگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کریں تو ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنےکےلیے تیار ہے۔