لاہور: امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمان نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کردی۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر شفیق الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور اس کے بعد آنے والے زلزلے کی اطلاعات پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔ "پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام یک جان دوقالب ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،” امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے کہا۔
انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور کارکنان کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کام انسانیت کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے جماعت اسلامی پاکستان کی مجموعی امدادی کوششوں کی بھی تحسین کی اور کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بنگلہ دیشی قیادت کی جانب سے اظہار ہمدردی اور تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب زدگان کے لیے ریلیف کیمپس قائم کر چکے ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، خیمے، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم کو یکجہتی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری خصوصاً برادر اسلامی ممالک کی جانب سے اظہار یکجہتی پاکستانی عوام کے حوصلے بلند کر رہا ہے۔