شارجہ: متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے پیر کو ریکارڈ بُک میں اپنا نام درج کروا لیا۔محمد وسیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران بھارت کے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز حاصل کیا۔وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
یو اے ای کے کپتان نے محض 54 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں 110 چھکے مارے ہیں جبکہ روہت شرما نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔محمد وسیم نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ کے ساتھ نیوزی لینڈ کے سابق اوپنر مارٹن گپٹل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ اب بھی روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے مارے جبکہ یو اے ای کے محمد وسیم نے 80 میچز میں 176 چھکے مارے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد وسیم کی شاندار اننگز کے باوجود یو اے ای، افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنا سکی اور 38 رنز سے شکست کھاگئی۔