لاہور: سیلاب میں بچیوں کےجہیزبہہ جانےکی خبر سامنے آنے کے بعد گورنرپنجاب سلیم حیدر متاثرہ فیملی کےگھر موہلنوال پہنچ گئے۔
گورنر نے سیلاب سے متاثرہ فیملی کی 9 بچیوں کی شادی کی ذمہ داری لےلی جب کہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ فیملی اور اہل علاقہ سے ملاقات کی، متاثرہ شہریوں نے پانی میں ڈوبے ہوئے اپنےگھر گورنر پنجاب سلیم حیدر کودکھائے۔گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچائی ہوئی ہے، سیلاب کی تباہی اورقدرتی آفت کےسامنےلوگوں کی بےبسی دیکھ کرمیری نیندیں اڑگئیں، لوگوں کےگھر سیلاب میں ڈوب گئے،قیمتی سامان پانی میں بہہ گیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ لوگ قبرستانوں میں پناہ لینے پرمجبورہیں،اس وقت میری تمام تر توانائیاں سیلاب زدگان کی بحالی پرمرکوز ہیں، روزانہ کی بنیاد پرسیلاب سےمتاثرہ خاندانوں کوتین وقت کا کھانامہیاکیاجائےگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈکریسنٹ کی جانب سےمیڈیکل کیمپس لگائےجائیں گے،دکھ کی اس گھڑی میں ہرممکن مدد فراہم کی جائےگی، یہ وقت کسی قسم کی سیاست کا نہیں، سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مددکرنی ہوگی،موہلنوال میں سیلاب متاثرین کو خیمے لگا کر دیں گے۔