ابوجا : نائیجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں ایک المناک کشتی حادثے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کشتی ضلع ملالے کی بستی تُنگان سُولے سے دوگّا کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ شمالی وسطی علاقے کے قریب دریا میں ایک درخت کے تنے سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔ کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے کے بعد متعدد افراد کو زندہ بچا لیا گیا تاہم کئی افراد لاپتا ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے لاپتا مسافروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں برسات کے موسم میں کشتیوں کے حادثات عام ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حادثات کی بنیادی وجوہات ضرورت سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنا، کشتیوں کی خستہ حالت اور حفاظتی اقدامات کی کمی ہے۔ اکثر کشتیاں لائف جیکٹس کے بغیر چلائی جاتی ہیں، جس کے باعث حادثات میں جانی نقصان بڑھ جاتا ہے۔