لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیے گئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو کوٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ ریز خان کو رہائی کے بعد اپنی فیملی اور لیگل ٹیم کے ہمراہ جیل سے روانہ کیا گیا۔ ان کی رہائی دو روز قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت منظور کیے جانے کے بعد عمل میں آئی۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ شاہ ریز خان کی رہائی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد ممکن ہوئی، جس پر ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ ریز خان کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی تھی جبکہ اس سے قبل عدالت نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا تھا۔شاہ ریز خان، عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے ہیں۔ انہیں 9 مئی کے کیس میں گزشتہ ماہ لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسری جانب علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ تاحال گرفتار ہیں اور ان کے مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔