اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں چار رکنی بینچ تشکیل پایا ہے جو 10 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس خادم سومرو، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس بھی شامل ہوں گے۔
اس سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے لیے بننے والے بینچز ٹوٹتے رہے ہیں۔ معاملہ سب سے پہلے جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت میں زیر سماعت تھا، جہاں انہوں نے وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کو توہینِ عدالت کے نوٹس جاری کیے تھے۔ تاہم بعد ازاں یہ کیس ان سے واپس لے لیا گیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق اس وقت ٹیکس کیسز سننے والے اسپیشل ڈویژن بینچ کا حصہ ہیں۔ انہی وجوہات کی بنا پر ان سے سنگل بینچ میں زیرِ سماعت کیسز بھی واپس لیے گئے، اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت کو منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ سماعت پر جسٹس انعام امین نے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوا دی تھی تاکہ اس معاملے کو مزید اہمیت دیتے ہوئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس پاکستان میں نہ صرف قانونی حلقوں بلکہ عوامی سطح پر بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ان کی رہائی کے لیے کئی برسوں سے سیاسی و سفارتی سطح پر مطالبات کیے جاتے رہے ہیں۔