وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ بحریہ پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں، افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بحریہ کی پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک کی سمندری سرحدوں اور آبی مفادات کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
وزیراعظم نے پاک بحریہ کی تاریخ کو بہادری اور قربانی کی شاندار داستانوں سے عبارت قرار دیا اور 1965 کی جنگ میں آپریشن سومنات کو تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں پاک بحریہ نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر حملہ کر کے دشمن کے مواصلاتی نظام کو ناکارہ بنایا، یہ کامیابی آج بھی اہلِ وطن اور جوانوں کے جذبۂ دفاع کو تازہ کرتی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی آبی سرحدوں کی حفاظت پاک بحریہ کی مستعد نگرانی میں ہے اور بحیرۂ عرب میں طاقت کا توازن قائم رکھنے میں پاک بحریہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہے بلکہ بلیو اکانومی اور بندرگاہوں کی ترقی میں بھی بھرپور خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے روشن مستقبل کی معمار بھی ہے۔ یومِ بحریہ کے موقع پر ہم اپنے شہدا اور ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاک بحریہ، مسلح افواج اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی سے نوازے۔