پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، برطانوی ہائی کمشنر
اسلام آباد: پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ اس بحران میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب، خشک سالی اور شدید موسم جیسی صورتحال کا سامنا ہے جس نے معاشرتی و اقتصادی ڈھانچے پر گہرے اثرات ڈالے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ اور تعلیم کے مختلف نظام پاکستان کے لیے مزید چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔