اسلام آباد: قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مراد نرتلیو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 8 ستمبر کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ قازقستان کے صدر کے مجوزہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں کا حصہ ہے، جو رواں سال نومبر میں متوقع ہے۔مراد نرتلیو کے ہمراہ 13 رکنی وفد بھی آئے گا، جس میں قازق وزیرِ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ اس موقع پر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی ہوں گے، جن کا مقصد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران قازق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب سینیٹر اسحٰق ڈار سے ملاقات اور وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ صدرِ پاکستان اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔دفترِ خارجہ کے مطابق بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، ثقافت، سیاحت، علاقائی روابط، لاجسٹکس اور عالمی فورمز پر تعاون جیسے شعبوں پر غور کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق، قازقستان کا یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان–قازقستان تعلقات کو نئی جہت دے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔