اسلام آباد :صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025ء اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (ری آرگنائزیشن) ترمیمی بل 2025ء کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز سے متعلق ترمیمی بل کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد صدرِ مملکت کو بھجوایا گیا تھا، جس کی اب توثیق کر دی گئی ہے۔ اس بل کے تحت اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز کا اطلاق یکم جولائی 2020ء سے مؤثر ہوگا۔
ترمیمی بل کا مقصد چینی گرانٹ سے چلنے والے منصوبوں پر اینٹی ڈمپنگ قوانین کے اطلاق سے متعلق قانونی وضاحت فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اس ترمیم کی تجویز اکتوبر 2022ء میں ہونے والے گوادر منصوبوں کی پیش رفت اجلاس میں دی گئی تھی۔
دوسری جانب، صدرِ مملکت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) سے متعلق ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ادارے کی تنظیمِ نو، گورننس سسٹم کی بہتری اور کارکردگی میں اضافہ ہے۔ اس بل کے ذریعے NIH کے انتظامی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا۔