سیالکوٹ:ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے حالیہ موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر کے 26 سرکاری تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسکول 11 اور 12 ستمبر کو بند رہیں گے تاہم اساتذہ اور تدریسی عملے کو معمول کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جن اداروں کو بند کیا گیا ہے ان کی تفصیل کچھ یوں ہے: ڈسکہ کے 4، سیالکوٹ سٹی کے 6، پسرور کے 6 اور سمبڑیال کے 8 اسکول شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث متعدد تعلیمی ادارے متاثر ہوئے ہیں۔ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ رسائی کے راستے بھی متاثر ہوئے ہیں جس کے باعث طلبہ کی آمد و رفت خطرناک ہو سکتی ہے۔حکام نے کہا ہے کہ اسکولوں کی بندش کا فیصلہ صرف طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔