وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ قطر کا دورہ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی کا اظہار
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ ہو گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطری شاہی خاندان اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران قطری امیر سے ملاقات کریں گے، جس میں اسرائیل کی بلاجواز جارحیت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ملاقات میں اسرائیلی حملوں کے خلاف علاقائی تعاون اور امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی بات چیت متوقع ہے۔دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔