روسی وزارتِ خارجہ نے پولینڈ کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی حملوں میں پولینڈ کی حدود کے اندر کوئی ہدف شامل نہیں تھا، اس لیے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ روسی ڈرونز کی رینج 700 کلومیٹر سے کم ہے اور یہ حقائق پولینڈ کے پھیلائے گئے بیانیے کی نفی کرتے ہیں، جبکہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل بھی اب تک ان الزامات کے کوئی شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق، ماسکو پولینڈ کی وزارتِ دفاع کے ساتھ مشاورت کے لیے تیار ہے تاکہ کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرین اور روس کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پولینڈ کی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزی پر پولش افواج نے روسی ڈرون طیارے مار گرائے تھے۔ ان کارروائیوں کے بعد پولینڈ نے اپنی فضائی حدود مخصوص مدت کے لیے بند کر دی تھیں۔