ممبئی: بھارت کے سابق لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر بننے کی خبروں پر بالآخر خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی اس ماہ کے آخر میں اعلیٰ عہدوں کے لیے انتخابات کرانے جا رہا ہے۔ ان انتخابات سے قبل یہ افواہیں زور پکڑ گئی تھیں کہ لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر بورڈ کے اگلے صدر کے ممکنہ امیدوار ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بی سی سی آئی لیجنڈ کرکٹر کو بورڈ کا اگلا صدر مقرر کرنے کا خواہشمند ہے اور وہ راجر بنی کی جگہ لے سکتے ہیں۔ تاہم اب سچن ٹنڈولکر نے ان تمام افواہوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بی سی سی آئی کے صدر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔
یاد رہے کہ سابق آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا پہلے ہی بی سی سی آئی کے عبوری صدر کا منصب سنبھال چکے ہیں۔