دبئی: ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے میچ سے قبل بھارتیوں کی جانب سے بچگانہ حرکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب (اداکارہ پریتی زنٹا کی ملکیت) نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کی، جس میں اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی رویہ اختیار کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے شیڈول والے پوسٹر سے پاکستان کا لوگو ہی ہٹا دیا۔
پنجاب کنگز نے اپنی پوسٹ میں پاکستان کے لوگو کی جگہ سفید ڈبہ لگا دیا جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کا لوگو واضح طور پر موجود رہا۔ اس اوچھی حرکت پر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی صارفین نے بھی کڑی تنقید کی۔ کئی فینز نے اسے "کھیل کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف” قرار دیا، جبکہ بھارتی مداحوں نے اپنی ہی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پوسٹ کو "احمقانہ اور غیر اخلاقی” حرکت قرار دیا۔
شدید ردعمل اور دباؤ کے بعد پنجاب کنگز نے اپنی پوسٹ کے کمنٹس سیکشن کو ہی بند کر دیا، تاہم کرکٹ شائقین کے مطابق یہ اقدام کھیل کی روح کے منافی ہے۔
دوسری جانب، پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور زیادہ تر ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ دبئی میں 14 ستمبر کو دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ سپر فور مرحلے میں کامیابی کی صورت میں 21 ستمبر کو ایک اور ٹاکرا ہوگا۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں تو 28 ستمبر کو ایشیا کپ کا تیسرا بڑا معرکہ ممکن ہے۔