اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو ہر سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کو سہولت فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نائب وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے تیار کیے جانے والے خصوصی پیکج پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ وزرا، سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ پیکج کے اہداف پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ان کے مسائل کے حل اور سہولت کاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران مختلف تجاویز اور پالیسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا تاکہ پیکج کو جلد حتمی شکل دے کر نافذ العمل بنایا جا سکے۔

