کراچی: سٹی کورٹ میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی والدہ نے فیکٹری اور گودام مالکان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق دعویٰ فیکٹری مالکان اور سندھ حکومت کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر کیا گیا ہے، جس میں ہرجانے کی مد میں 5 کروڑ 37 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 21 اگست کو ایم اے جناح روڈ پر واقع غیر قانونی پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں 16 سالہ سید اسد شاہ جاں بحق جبکہ اس کا بھائی سید اظفر شاہ شدید زخمی ہوا۔
وکیل کے مطابق فیکٹری اور گودام مالکان کی غفلت کے باعث قیمتی جان ضائع ہوئی، مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال فیکٹری کو دوسری جگہ منتقل نہیں کیا گیا اور خطرہ اب بھی برقرار ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق کیس کی سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی جس میں عدالت فریقین کو نوٹس جاری کرے گی۔ متاثرہ خاندان نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں انصاف ملے گا اور ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

