اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغامات میں جمہوری اقدار، اداروں اور اصولوں کے تحفظ و فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ جمہوریت صرف ایک نظام نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے اور آزادیِ اظہار، انصاف اور مساوات کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کو پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی قرار دیا جو ہر شہری کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ صدر نے اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو یاد کیا جنہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج اس بات کا عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ جمہوریت کو مزید مضبوط بنایا جائے، مؤثر اصلاحات لائی جائیں اور معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی نظام میں شمولیت کا دوسرا نام ہے۔ انہوں نے بھی 1973ء کے آئین کو جمہوری نظام کی بنیاد قرار دیا جو شہریوں کے بنیادی حقوق، برابری، خواتین اور اقلیتوں کی شمولیت اور آزادی کا ضامن ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے بدلتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ صرف جمہوری اصولوں کی پیروی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام، ادارے اور حکومت مل کر جمہوری روایات کے تحفظ اور ایک ترقی یافتہ، باوقار پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

