اسلام آباد / انقرہ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں قطر پر اسرائیل کے بلا اشتعال اور بلا جواز حملوں کی شدید مذمت کی اور انہیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ عالمی برادری، بالخصوص مسلم ممالک، فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کریں۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:”ہم ایک بار پھر یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ ایک اور غیر قانونی اسرائیلی حملے پر غور کر سکیں، جو ایک برادر اور خودمختار ریاست پر کیا گیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے جارحانہ عزائم کی نگرانی اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کو روکنے کے لیے ایک عرب اسلامی ٹاسک فورس قائم کی جانی چاہیے تاکہ اجتماعی اور مربوط ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔

