پاک بھارت میچ کے بعد کھلاڑیوں کے رویے پر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا ردعمل
اسلام آباد: ٹی 20 ایشیا کپ 2025ء کے پاک بھارت میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ نہ دیکھ کر افسوس ہوا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ فتوحات کو تمام ٹیمیں وقار اور خوش اخلاقی کے ساتھ منائیں گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے چھٹے میچ کے اختتام پر بھارتی بیٹرز پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی ڈریسنگ روم واپس چلے گئے تھے، جس پر شائقین کرکٹ نے بھی شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو ہمیشہ کھیل سے دور رکھنا چاہیے۔

