سیالکوٹ: پولیس نے انسانی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ ججہ گینگ کے اہم رکن آصف علی ججہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم آصف علی ججہ کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا، جو ایف آئی اے کو چار مقدمات میں مطلوب تھا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے متعدد متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر ایک کروڑ 23 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ترجمان کے مطابق آصف ججہ بین الاقوامی انسانی سمگلنگ گینگ کا حصہ ہے اور اس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے شہریوں کو یونان بھجوانے کی بھی کوشش کی۔ ملزم نے متعدد نوجوانوں کو کشتی کے ذریعے یورپ پہنچانے کی کوشش کی، تاہم بدقسمتی سے انہی کوششوں کے نتیجے میں پیش آنے والے یونان کشتی حادثے میں کئی پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں اور سرغناؤں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

