ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی: کپتان سلمان علی آغا کا فخر زمان کے کیچ پر امپائرنگ پر سوال
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے فخر زمان کے آؤٹ ہونے کو ممکنہ طور پر غلط قرار دے دیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی تھی مگر فیصلہ امپائر کا ہوتا ہے اور ہمیں اسی کو تسلیم کرنا پڑتا ہے۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ ہم نے لیفٹ اور رائٹ کمبی نیشن کے ذریعے بولرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی مگر ہماری بولنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران بھی 10 سے 15 رنز کم بنے، ہمارا اسکور 180 رنز سے زائد ہونا چاہیے تھا تاکہ بھارتی ٹیم پر دباؤ ڈالا جا سکتا۔
قومی کپتان نے اعتراف کیا کہ ٹیم نے پرفیکٹ گیم نہیں کھیلا اور بھارتی بیٹرز نے پاور پلے میں شاندار بیٹنگ کر کے میچ کا رخ اپنے حق میں کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ میچ میں سری لنکا کے خلاف اپنی خامیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاکہ ٹورنامنٹ میں واپسی ممکن ہو سکے۔

