لاہور: ایف بی آر نے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا، ٹیکس چوروں پر شکنجہ سخت
لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولرز پر ٹیکس نیٹ سخت کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ریکارڈ جمع کیا گیا ہے، تاہم ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، اور رجسٹرڈ جیولرز میں بھی محض 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدنی چھپا کر کم ٹیکس دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کر لی گئی ہے، جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سے ہے۔ ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور رہن سہن کے مطابق نہیں ہیں، جس پر ان جیولرز کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ناگزیر ہے۔ کسی تاجر یا صنعتکار کو بلاوجہ نوٹس نہیں دیا جائے گا، تاہم ہر شہری کو اپنی حقیقی آمدنی کے مطابق ایمانداری سے ٹیکس دینا ہوگا تاکہ ملکی معیشت کو استحکام مل سکے۔

