لندن:برطانوی وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کی قیادت میں قائم ’گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس‘ دنیا بھر سے اعلیٰ مہارتوں کے حامل افراد کو برطانیہ لانے کے لیے گلوبل ٹیلنٹ ویزا کی فیس ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دنیا کے بہترین سائنسدانوں، ماہرین تعلیم اور ڈیجیٹل ماہرین کو برطانیہ میں مواقع فراہم کرکے معیشت کو فروغ دینا ہے۔ذرائع کے مطابق وہ افراد جو دنیا کی سرفہرست پانچ جامعات سے تعلیم یافتہ ہوں یا کسی بین الاقوامی معتبر ایوارڈ کے حامل ہوں، ان کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر معاف کی جا سکتی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ نے H-1B ویزا درخواست پر نئی 100,000 ڈالر فیس عائد کر دی ہے، جس سے برطانیہ کو باصلاحیت افراد کے لیے زیادہ پرکشش منزل بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔فی الحال برطانیہ میں گلوبل ٹیلنٹ ویزا کی فیس 766 پاؤنڈ (تقریباً 3 لاکھ روپے) ہے، اور ہر فیملی ممبر کے لیے یہی رقم الگ سے لاگو ہوتی ہے، جس کے باعث چار افراد پر مشتمل خاندان کو تقریباً 12 لاکھ روپے صرف ویزا فیس کی مد میں ادا کرنا پڑتے ہیں۔
برطانوی حکام کے مطابق ویزا فیس میں یہ مجوزہ نرمی 26 نومبر کو پیش کیے جانے والے بجٹ کا حصہ بن سکتی ہے، تاکہ اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

