اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آٹوموبائل سیکٹر سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 5 سال پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دے دی ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اس پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یہ گاڑیاں 30 جون 2026 تک درآمد کی جا سکیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 5 سال سے کم پرانی گاڑیوں پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے گی، جو اگلے سال سے ہر سال 10 فیصد کم ہوتی جائے گی۔ یہ کمی بتدریج جاری رہے گی اور مالی سال 2029-30 تک درآمدی ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی فراہمی کو بہتر بنانا اور صارفین کو زیادہ آپشنز فراہم کرنا ہے۔ ساتھ ہی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بتدریج ڈیوٹی میں کمی سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی اور مسابقت میں اضافہ ہوگا، جس سے آٹو انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

