اسلام آباد: ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ نے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے باعث عدالت تک پہنچنے میں مشکلات کا ذکر کیا، جس پر چیف جسٹس نے معذرت کا اظہار کیا۔
سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ ان کے پاس ایسے عدالتی فیصلے موجود ہیں جن میں خواتین کی سزا معطلی جلد منظور کی جاتی ہے، لیکن ان کا کیس مشکل سے فکس ہوتا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے بتایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر ارشد جاوید بھٹی بیماری کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ نیب ہمیشہ تاخیری حربے استعمال کرتا ہے اور کم از کم اطلاع تو دے دیتا تاکہ وہ رات بھر تیاری نہ کرتے۔
عدالت نے نیب کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آخری موقع ہے، آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر پیش نہ ہوا تو ڈی جی نیب کو طلب کیا جائے گا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

