امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ بات چیت کے بعد اسرائیل نے انخلا کی ابتدائی لائن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور اس بارے میں حماس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی تصدیق کے بعد جنگ بندی فوری طور پر مؤثر ہو جائے گی اور یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو جائے گا۔
اس سے قبل ٹرمپ نے حماس کو وارننگ دی تھی کہ اگر اس نے تیزی نہ دکھائی تو تمام شرائط ختم ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 20 نکاتی غزہ امن منصوبہ بڑی حد تک قبول کر لیا ہے، تاہم بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حماس نے خاص طور پر برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے مجوزہ کردار کو مسترد کیا ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان بلواسطہ مذاکرات اتوار اور پیر کو ہوں گے، جن میں ٹرمپ منصوبے کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی اور دیگر تفصیلات طے کی جائیں گی۔

