فیصل آباد: بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ فیصل آباد ڈویژن کے شہر تاندلیانوالہ میں پیش آیا۔ بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 2 معصوم بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں جبکہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔