قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں محمد عامر نے کہا کہ گزشتہ دو تین روز سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں اور کم بیک کی تیاری کر رہے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کسی سے بھی واپسی یا ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، نہ ہی میرا اس بارے میں کوئی پلان ہے۔ میں نے جو فیصلہ ریٹائرمنٹ کے وقت کیا تھا، وہ حتمی تھا اور وہی قائم ہے۔
محمد عامر نے مزید کہا کہ ان کے مداح اکثر اصرار کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ پاکستان کرکٹ کے لیے کھیلیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ قومی کرکٹ آگے بڑھے اور نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور تب سے وہ دنیا بھر کی لیگز میں حصہ لے رہے ہیں۔