لیہ:گرفتاری کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا، فراڈ میں ملوث دیگر ساتھیوں کے گرد بھی نیب کا شکنجہ سخت
لیہ (نیوز رپورٹر ) تفصیلات کے مطابق لیہ کے معروف فراڈیا ڈبل شاہ منظور حسین عرف عبدالحئی تونگر کراچی سے نیب کے ہاتھوں گرفتار، تفتیش کا آغاز ہو گیا۔ گرفتاری کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا، فراڈ میں ملوث دیگر ساتھیوں کے گرد بھی نیب کا شکنجہ سخت کیا گیا ہے۔ عبدالحئی تونگر کے خلاف دی گئی 1000 سے زائد درخواستوں پر شہریوں کا اربوں روپے کا کلیم بھی کیا گیا ہے۔ آن لائن بزنس کی آڑ میں بڑے مالیاتی سکینڈل کے ملزم کے خلاف سائبر ونگ نے بھی تحقیقات تیز کر دیں۔
250 سے زائد شکایت گزاروں کے بیان قلم بند، ملزم نے سمٹ، اے ایچ ایکسپرٹ اور سمٹ فوریکس ٹریڈنگ کے نام پر جعلی کمپنیاں بنا کر فراڈ کیا۔ مبینہ طور پر ملزم عبدالحئی کے والد منظور تونگر، ثمر عباس، سجاد کنجال، رئیس کلاسرا، بلال کنجال، جنید منظور اور اشفاق کنجال بھی ملوث ہیں۔ این سی سی آئی اے کے مقدمے میں بلال کنجال، ثمر عباس اور زاہد گرفتار ہوئے تھے، بلال کنجال ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔
ملزم نے گرفتاری کے بعد ویڈیو بیان میں سب انسپکٹر خرم ریاض کھر اور اسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اقبال پر پشت پناہی کا الزام عائد کیا تھا۔ سب انسپکٹر خرم ریاض کھر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اقبال کی جانب سے الزامات کو من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے قرار دے دیا تھا۔
عبدالحئی تونگر نے ضلع بھر کے شہریوں کو رقم ڈبل کر کے دینے کا جھانسہ دے کر اربوں روپے لوٹے اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ملزم کے کہنے پر شہریوں نے گاڑیاں، موٹر سائیکلز، زیورات، زمینیں فروخت کر کے رقم عبدالحئی تونگر کو ڈبل کرنے کے لئے جمع کروائی تھی۔