امریکی ریاست الاباما کے شہر مونٹگمری میں فٹبال میچ کے بعد ہونے والے جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ نائٹ لائف ڈسٹرکٹ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 43 سالہ خاتون اور ایک 17 سالہ نوجوان شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب دو جامعات کی فٹبال ٹیموں کے درمیان میچ کے بعد تلخ کلامی جھگڑے میں بدلی اور جلد ہی شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔
پولیس چیف کے بیان کے مطابق ہجوم میں موجود ایک شخص کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متعدد افراد نے ہتھیار نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔