رواں سال کا پہلا سُپر مون آج رات آسمان پر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوگا۔
ترجمان اسپارکو کے مطابق سپر مون کے دوران چاند زمین کے سب سے قریب، یعنی تقریباً دو لاکھ چوبیس ہزار میل کے فاصلے پر ہوگا۔ اس دوران چاند عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں یہ دلکش منظر واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ سپر مون سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرقی افق سے طلوع ہوگا اور طلوعِ آفتاب سے قبل مغربی سمت میں غروب ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اگر موسم صاف رہا تو شہری بغیر دوربین کے بھی اس خوبصورت نظارے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
سپارکو کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر تین سپر مون دیکھے جائیں گے۔ آج کا پہلا سپر مون اس سلسلے کا آغاز ہے، جبکہ دوسرا سپر مون 5 نومبر 2025 کو نظر آئے گا جو سال کا سب سے روشن اور بڑا سپر مون ہوگا۔ تیسرا اور آخری سپر مون 5 دسمبر کو اپنی جھلک دکھائے گا۔
ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ سپر مون اُس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے قریب ترین فاصلے پر آ جاتا ہے۔ اس مقام پر چاند کا ظاہری حجم معمول سے بڑا اور اس کی چمک کہیں زیادہ تیز محسوس ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلکیاتی دنیا میں اس مظہر کو ’’سُپر مون‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج شام آسمان کی طرف ضرور دیکھیں کیونکہ سپر مون کا یہ نظارہ قدرت کی ان خوبصورت ترین جھلکیوں میں سے ایک ہے جو سال میں صرف چند بار ہی دیکھنے کو ملتی ہیں۔