نواب شاہ: ضلع نواب شاہ کے تعلقہ سکرنڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سات سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق لاش اصغر کالونی کے علاقے سے ملی، جبکہ ابتدائی معائنے میں انکشاف ہوا ہے کہ بچی کے کان اور بازو کٹے ہوئے ہیں۔ اس لرزہ خیز واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی شناخت مقامی رہائشی کے طور پر کر لی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں زیادتی کے شواہد ملنے یا نہ ملنے کے بارے میں حتمی رائے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔
بچی کے والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں، وہ محض انصاف چاہتے ہیں۔ والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ سفاک قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا گھناونا جرم کرنے کی جرات نہ کرے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے اور قریبی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان تک پہنچا جا سکے۔
دوسری جانب اس المناک واقعے پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مقامی افراد نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔