سال 2025 میں ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 7 صحافیوں کو منتخب کر لیا گیا، جن میں فلسطین کی شہید صحافی مریم ابو دقہ بھی شامل ہیں۔
غیر معمولی کارکردگی اور آزادیِ صحافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ان صحافیوں کو ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کے مطابق، ایوارڈ یافتہ صحافیوں کو 24 اکتوبر کو ویانا میں ادارے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر باقاعدہ طور پر یہ اعزاز پیش کیا جائے گا۔
ایوارڈ کے لیے نامزد صحافیوں میں فلسطین کی بہادر خاتون صحافی **مریم ابو دقہ** اور یوکرین سے تعلق رکھنے والی **وکٹوریہ روشچینا** بھی شامل ہیں، جو دورانِ جنگ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئیں۔
مریم ابو دقہ کو صیہونی فوج نے 25 اگست 2025 کو شہید کیا تھا۔ وہ فلسطینی صحافیوں میں سے تھیں جو غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران میدانِ عمل میں رپورٹنگ کرتی رہیں۔
ایوارڈ کے لیے نامزد دیگر ممتاز صحافیوں میں امریکا سے **مارٹن بیرن**، پیرو سے **گستاوو گوریٹی**، ہانگ کانگ سے **جمی لائی** اور ایتھوپیا سے **تسفالم والدیس** شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے ممالک میں آزادیٔ اظہار کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

