کراچی: شہرِ قائد میں موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی ہے، صبح کے اوقات میں ہوا خشک جبکہ رات کے وقت خنکی محسوس کی جانے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم بتدریج گرم و مرطوب سے معتدل ہوتا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع صاف اور دن بھر تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم و مرطوب رہے گا۔ شہر میں ہواؤں کی سمت میں تبدیلی آئی ہے اور اب شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث دن کے وقت گرمی محسوس کی جاتی ہے لیکن شام اور رات کے وقت خنکی بڑھ جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24.3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے وسط میں کراچی کا موسم عام طور پر تبدیل ہونا شروع ہو جاتا ہے، جس میں دن کے وقت گرمی اور رات میں خنکی نمایاں ہو جاتی ہے۔ رواں ہفتے کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم ہوا کی رفتار میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے جس سے شام کے اوقات نسبتاً خوشگوار رہیں گے۔
ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں موسم کے مزاج میں واضح فرق محسوس ہو رہا ہے، خاص طور پر صبح سویرے اور رات کے اوقات میں ہلکی ٹھنڈک نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق نومبر کے آغاز تک کراچی میں سردی کی ابتدائی لہر متوقع ہے، تاہم فی الحال موسم خشک اور دھوپ والا ہی رہے گا۔