لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے معرکے سے قبل اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز نہیں کر سکیں گے کیونکہ خیبرپختونخوا کے تجربہ کار آف اسپنر ساجد خان نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کر لیا ہے۔
ساجد خان کو وائرل فیور کے باعث ابتدائی طور پر لاہور ٹیسٹ سے باہر سمجھا جا رہا تھا۔ وہ ٹیم کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہو سکے تھے جس کے باعث ٹیم منیجمنٹ نے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی کے ساتھ 38 سالہ آصف آفریدی کو شامل کرنے پر غور کیا تھا۔ تاہم، ٹیسٹ میچ سے ایک روز قبل ساجد خان نے مکمل فٹنس حاصل کر لی، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے انہیں ترجیح دیتے ہوئے فائنل الیون میں شامل کر لیا۔
ساجد خان نے اب تک 12 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 27.28 کی اوسط سے 59 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی واپسی سے پاکستانی اسپن اٹیک مزید مضبوط ہو گیا ہے، جبکہ آصف آفریدی کو اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی فائنل ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس مسائل کے باوجود ساجد خان کی شمولیت اسپن باؤلنگ یونٹ کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ پر امید ہے کہ وہ جنوبی افریقی بیٹرز کے خلاف اپنی نپی تلی باؤلنگ سے اہم کردار ادا کریں گے۔