اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں شادیوں پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق، گزشتہ مالی سال کے دوران شادیوں پر ٹیکس کٹوتی میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025 میں شادیوں سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مجموعی وصولی 2 ارب 2 کروڑ روپے رہی، جب کہ مالی سال 2024 میں یہ وصولی 1 ارب 70 کروڑ روپے تھی۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 کروڑ روپے اضافی ٹیکس وصول کیا گیا جس کی بڑی وجہ مؤثر نگرانی اور سخت ٹیکس اقدامات ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں شادی ہالز، مارکیز اور ہوٹلوں پر ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ریسٹورنٹس، کلبز اور کمیونٹی سینٹرز میں ہونے والی شادی کی تقریبات پر بھی ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ ٹیکس کا اطلاق کھانے پینے، سجاوٹ، موسیقی، لائٹنگ اور دیگر تقریباتی خدمات کی ادائیگیوں پر بھی کیا جا رہا ہے۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ فعال ٹیکس دہندگان (Active Taxpayers List) میں شامل افراد پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا، جبکہ نان فائلرز پر 20 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس فائلرز اپنی سالانہ ٹیکس ریٹرن میں اس کٹوتی کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر دستاویزی معیشت کو ریگولرائز کرنا، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور شادیوں کے شعبے میں ہونے والی غیر رجسٹرڈ سرگرمیوں کو دستاویزی دائرے میں لانا ہے۔