فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد میں "میثاقِ پاکستان” پر متفق ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو سب سے زیادہ داخلی استحکام اور سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت کے بعد پاک فوج نے بروقت اور بھرپور جواب دیا، جس سے دشمن کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے ان تمام ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جو پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہے تھے، اور قوم اس کامیاب کارروائی پر اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات مندانہ پالیسی نے قوم کے حوصلے بلند کیے اور پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک بیرونی چیلنجز اور اندرونی تقسیم کا سامنا کر رہا ہے، سیاسی اتحاد ہی ملک کو مستحکم کر سکتا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر "میثاقِ پاکستان” پر بیٹھیں تاکہ قومی اتفاقِ رائے قائم ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے بیانیے پر قائم رہ سکتی ہے، لیکن اسے قومی مفاد میں ملک اور شہدا کے خون کا احترام کرتے ہوئے قومی اتحاد کے ایجنڈے میں شریک ہونا چاہیے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سفارتی قوت کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، اور یہ وقت ہے کہ سیاسی قیادت بھی اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے تمام جماعتوں کو مشترکہ طور پر قومی ایجنڈے پر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، متحد اور پرامن ریاست کے طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔