لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور میں کھیلا جا رہا پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہو چکا ہے۔ ٹاس کے بعد پاکستان کے کپتان شان مسعود نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "سٹیڈیم نیا ہے، ہمیں یہ نہیں معلوم کہ یہاں ٹیسٹ میچ کیسی کنڈیشنز فراہم کرے گا، مگر ورلڈ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ایک شاندار موقع ہے۔ ہمارے پاس دو سپنرز ہیں جو طویل اوورز کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ہم ان کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔”
جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ "ہمارے کچھ اہم کھلاڑی اس میچ میں شریک نہیں ہیں، جس کی کمی محسوس ہوگی، لیکن ہم ایسی کنڈیشنز میں کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور اس میچ میں بھی اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں گے۔”
پاکستانی ٹیم میں 38 سالہ آصف آفریدی کو ڈیبیو کا موقع نہیں ملا، جبکہ ساجد خان وائرل فیور سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ شان مسعود، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان پر مشتمل قومی ٹیم اس میچ میں شریک ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقی سکواڈ میں ٹونی ڈی زورزی، راین رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرام (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سین متھوسمی، پرینلان سبرائین، کگیسو ربادا، اور سائمن ہارمر شامل ہیں۔