کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے پہاڑ گنج، شاہراہ نور جہاں پر ڈبو گیم کھیلنے کے دوران دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ اور تشدد سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جھگڑا ڈبو گیم کی ایک دکان میں اس وقت شروع ہوا جب کھیل کے دوران فریقین میں تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر حملہ آور ہوگئے۔
جھگڑے کے دوران دونوں گروپوں کی جانب سے تشدد کے ساتھ فائرنگ بھی کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو گولی لگی جبکہ دیگر افراد تشدد کے باعث زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران اطراف کی دکانوں کا سامان بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنا، تاہم شاہراہ نور جہاں تھانے کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں تاکہ جھگڑے کی اصل وجہ اور ملوث افراد کا تعین کیا جا سکے۔