امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے ایک جزیرے پر واقع بار میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔
مقامی حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح جزیرہ سینٹ ہیلینا کے ایک بار میں پیش آیا جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اچانک ہونے والی فائرنگ سے موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔
بیوفورٹ کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو متعدد افراد کو گولیاں لگنے سے زخمی پایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ شروع ہوتے ہی لوگ جان بچانے کے لیے قریبی عمارتوں اور کاروباری مقامات کی طرف بھاگے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے محرکات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ ابھی تک کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ حکام نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد تفصیلات جاری کی جائیں گی۔