اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جنگی ہٹ دھرمی برقرار ہے، جنگ بندی کے باوجود انہوں نے ایک بار پھر فوجی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
نیتن یاہو نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو اب بھی بڑے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور فوجی کارروائیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر دوبارہ منظم ہو کر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں لیکن اسرائیلی فوج ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بھی اسرائیلی فوج نے کارروائی کی وہاں کامیابی حاصل کی، اور ان کامیابیوں کے نتیجے میں اسرائیل کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اگر قوم متحد ہو کر کام کرے تو تمام چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق نیتن یاہو کا یہ بیان جنگ بندی معاہدے کے برعکس ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیل پر دباؤ ہے کہ وہ جنگ بندی کے وعدوں پر قائم رہے اور مزید فوجی کارروائیوں سے گریز کرے۔