راولپنڈی: مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد شہر میں چار روز تک بند رہنے والے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج کے دوران بند کی گئی تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، جس کے بعد مری روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی مری روڈ پر دکانیں اور تجارتی مراکز بھی کھل گئے ہیں، تاہم مری روڈ سے فیض آباد جانے والا راستہ اور راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس سروس تاحال بند ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق آئی جے پی روڈ، ڈبل روڈ اور ایکسپریس وے کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ نائنتھ ایونیو تک راستہ بھی کھول دیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج کے دوران معطل کی گئی موبائل فون اور ڈیٹا سروسز بھی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، جس کے بعد معمولاتِ زندگی رفتہ رفتہ بحال ہو رہے ہیں۔