واشنگٹن: امریکا کے 5 بڑے خبر رساں اداروں نے پینٹاگون کی جانب سے صحافیوں کے لیے جاری کیے گئے نئے ضوابط کو مسترد کرتے ہوئے انہیں آزادیِ صحافت پر قدغن قرار دیا ہے۔
اے بی سی، سی بی ایس، سی این این، این بی سی اور فاکس نیوز نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پینٹاگون کی نئی پالیسی صحافیوں کی آزادی اور ان کی قومی سلامتی کے معاملات پر عوام کو باخبر رکھنے کی صلاحیت کو محدود کر دے گی۔ یہ بیان سی این این کمیونیکیشن کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ "آج ہم دیگر میڈیا اداروں کے ساتھ شامل ہو کر پینٹاگون کے نئے ضوابط کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ یہ تقاضے امریکی اور عالمی ناظرین کو اہم قومی سلامتی کے مسائل سے باخبر رکھنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالیں گے۔”
اداروں نے اس پالیسی کو صحافت کے بنیادی اصولوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام میڈیا کی آزادی، شفافیت اور عوامی مفاد کے منافی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آزاد اور خودمختار پریس جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، اور ہم کسی بھی صورت میں آزادیِ اظہار اور آزاد صحافت کے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
امریکی میڈیا حلقوں کے مطابق پینٹاگون کے نئے ضوابط کے تحت فوجی اداروں اور افسران سے متعلق رپورٹس کی اشاعت سے پہلے اضافی منظوری درکار ہوگی، جس سے معلومات کے بہاؤ اور تحقیقاتی صحافت پر نمایاں اثر پڑے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ تنازع امریکا میں "قومی سلامتی بمقابلہ آزادیِ صحافت” کی بحث کو ایک بار پھر شدت سے اجاگر کر رہا ہے، جس پر میڈیا اور حکومتی اداروں کے درمیان طویل عرصے سے اختلاف رائے چلا آ رہا ہے۔

