کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا، جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ چند روز قبل ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی، اور آج ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
ایوانِ صدر کی جانب سے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرحوم کی سیاسی و جمہوری خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور صوبے کی سیاسی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی، جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی کے عہدے پر فائز رہے، جب کہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک وہ قائم مقام گورنر سندھ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
مرحوم کا سیاسی کیریئر چار دہائیوں پر محیط تھا۔ وہ 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی کے منصب پر فائز رہے۔ ان کا شمار شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے بااعتماد ساتھیوں میں کیا جاتا تھا۔

