مالاکنڈ: سوات موٹر وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
ڈی ایس پی موٹروے پولیس نورالامین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب ایک ٹرک بے قابو ہو کر سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور علاقے کے لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو بٹ خیلہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈی ایس پی نورالامین نے بتایا کہ ٹرک میں سوار تمام افراد خانہ بدوش تھے، جن کا تعلق سوات کے علاقے بحرین سے تھا، اور وہ سردی کے آغاز سے قبل نسبتاً گرم علاقوں کی طرف نقل مکانی کر رہے تھے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

