راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپنرز کے لیے سازگار پچ تیار کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسپن فرینڈلی وکٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسپن بولرز کو زیادہ مدد مل سکے اور میچ دلچسپ بنے۔ اس حوالے سے اسٹیڈیم کی گراؤنڈ اسٹاف گزشتہ تین دنوں سے پچ کی تیاری میں مصروف ہے۔
پی سی بی کے پچ انچارج کا کہنا ہے کہ اس بار پچ کی تیاری خاص منصوبہ بندی کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ اسپن بولرز کو وکٹ سے واضح مدد ملے۔ ان کے مطابق وکٹ کی سطح پر گھاس کم رکھی جا رہی ہے اور مٹی کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ گیند زیادہ ٹرن کرے۔
دوسری جانب پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کل راولپنڈی پہنچیں گے تاکہ پچ، آؤٹ فیلڈ اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بھی کل اسلام آباد پہنچیں گی، جہاں وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ ٹیموں کے درمیان پریکٹس سیشنز 17 اور 18 اکتوبر کو شیڈول کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 20 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
شائقین کرکٹ اس میچ کے لیے بے حد پُرجوش ہیں اور راولپنڈی میں بڑی تعداد میں تماشائیوں کی آمد متوقع ہے۔