پاکستانی اداکار اور ہدایتکار یاسر حسین نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معروف مذہبی اسکالر اور ٹی وی میزبان مرحوم عامر لیاقت حسین کو خواب میں دیکھ چکے ہیں۔
یاسر حسین کا ایک پرانا انٹرویو حال ہی میں دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جو انہوں نے اداکارہ اشنا شاہ کو دیا تھا۔ اس دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے یاسر حسین نے بتایا کہ انہوں نے خواب میں عامر لیاقت کو ایک نہایت خوبصورت گھر میں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں نے خواب میں عامر لیاقت کو امریکا میں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ ایک بہت خوبصورت گھر میں دیکھا، اور میں خود بھی ان کے گھر قیام کے لیے گیا تھا۔‘‘
اداکار نے مزید بتایا کہ عامر لیاقت نے خواب میں روایتی شلوار قمیض پہن رکھی تھی اور وہ خوش و خرم دکھائی دے رہے تھے۔ یاسر حسین کے مطابق یہ خواب اتنا واضح اور حقیقت کے قریب تھا کہ جاگنے کے بعد بھی ان کے ذہن سے وہ منظر محو نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ نہ صرف ایک معروف مذہبی اسکالر اور سیاست دان تھے بلکہ پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین میزبانوں میں بھی شمار ہوتے تھے۔ عامر لیاقت نے اپنی زندگی میں تین شادیاں کیں — پہلی سیدہ بشریٰ اقبال سے، دوسری سیدہ طوبیٰ انور سے، اور تیسری دانیہ شاہ سے۔ بشریٰ اقبال سے ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔
ان کی ناگہانی موت نے پورے ملک کو افسردہ کر دیا تھا، جب کہ ان کے قریبی دوستوں کے مطابق وہ زندگی کے آخری دنوں میں شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔ اداکار ساحر لودھی نے بھی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ عامر لیاقت سے ان کی آخری ملاقات نہایت تکلیف دہ تھی، کیونکہ وہ ذہنی دباؤ میں تھے اور خود کو تنہا محسوس کر رہے تھے۔